اسلام آباد(نیوز ڈیسک) یہ دنیا بھی ایک عجیب تماشہ ہے جس میں آئے روز عجیب و غریب واقعات سامنے آ رہے ہیں اور واقعات بھی ایسے ہوتے ہیں کہ جان کر کسی کو یقین ہی نہیں آتا۔ایسا ہی ایک واقعہ سعودی عرب میں پیش آیا ہے جہاں پر ایک70 سالہ سعودی شخص کو 20 سالہ نوجوان خاتون سے شادی کرنا مہنگا پڑ گیا۔
جوان اہلیہ نے مکان اپنے نام لکھوا کر عدالت سے خلع کا مطالبہ کر دیا، معمر شخص نے بھی بیوی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا کہ اس نے دھوکے سے مکان اپنے نام لکھوا کر اب خلع مانگ لیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق بیوی نے معمر شخص سے عدم تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کے بیٹے جوان ہیں اور انہیں ہماری شادی پر اعتراض ہے، ممکن ہے آپ کے بعد مجھے گھر سے نکال دیں، لہذا آپ مکان میرے نام لکھ دیں، یہ بوڑھا شخص اپنی جوان بیوی کی باتوں میں آ گیا ستر سالہ معمر شخص نے بتایا کہ جیسے ہی مکان کے کاغذات اہلیہ کے ہاتھ میں آئے اس نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے فرط جذبات میں شادی کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب احساس ہو رہا ہے کہ دونوں کی عمر میں زمین آسمان کا فرق ہے، اسی لیے خلع لینا چاہتی ہوں۔ مذکورہ معاملے پر قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ معمر شوہر کا مقدمہ قانونی حیثیت سے عاری ہے کیونکہ اس نے اپنے ہوش و ہواس میں مکان اپنی نوجوان بیوی کے نام منتقل کیا ہے۔ جس کی وجہ سے اب یہ مکان اس کی جوان بیوی کے ہی پاس رہے گا۔